ترک لیرے کی قدر میں گراوٹ اقتصادی نہیں سیاسی ہے، بن علی یلدرم

بدھ 15 اگست 2018 10:00

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) ترک قومی اسمبلی کے سپیکر بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ زر مبادلہ کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ معاشی نہیں بلکہ سیاسی ہے۔ بن علی یلدرم نے سفیروں کی دسویں کانفرس کی مناسبت سے ترکی میں متعین غیر ملکی سفیروں سے قصرِ چنکایہ میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ترک خبررساں ادارے کے مطابق اسپیکر ترک اسمبلی نے سفیروں سے خطاب میں اقتصادی پیشرفت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ محض باتوں، بیانات اور امریکی صدر کے غیرذمہ دارانہ ٹویٹر پیغامات کے بجائے ہمارے قوانین کا احترام کرتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کریں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی حل تلاش کرنے کا موقع موجود ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے تحمل سے کام لیا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے پہلا قدم اٹھانے اور کسی قابل قبول مرحلے تک پہنچنے کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔