سابق وزیراعظم نواز شریف اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچ گئے۔

ن لیگی کارکنوں نے نواز شریف کی بکتر بند گاڑی کو گھیرے میں لے لیا

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 15 اگست 2018 10:31

سابق وزیراعظم نواز شریف اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچ گئے۔
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اگست ۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کو احتساب عدالت پہنچا دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت میں آج العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیسز کی سماعت ہو رہی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے سخت سیکورٹی میں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت پہنچتے ہی نواز شریف کی گاڑی کو ن لیگی کارکنوں اور ارکان پارلیمنٹ نے اپنے گھیرے میں لے لیا ہے اور گاڑی کو آگے جانے نہیں دیا جا رہا۔

عقبی راستے پر ن لیگ کے ارکان پارلیمنٹ بڑی تعداد میں جمع ہیں۔ ن لیگی کارکنوں نے بکتر بند گاڑی کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے ۔دوسری جانب پولیس اہلکاروں نے بھی گاڑی روک لی ہے۔ نواز شریف بکتر بند گاڑی کے اندر ہی موجود ہیں۔ انہیں ابھی تک احتساب عدالت کے اندر نہیں لے جایا جا سکا۔ دوسری جانب صرف ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں جانے کی عدالت دی گئی ہے۔ شہباز شریف اس وقت عدالت کے اندر موجود ہیں۔