مراکش میں گینگ ریپ کے مجرموں کی بریت کے خلاف عوام سراپا احتجاج

بدھ 15 اگست 2018 11:10

رباط ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) مراکش میں ایک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے جرم میں قید مجرموں کی بریت اور رہائی کے خلاف ہزاروں افراد نے سڑکوں پراحتجاج کیا ہے۔ بین الاقوامی زرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرین نے گینگ ریپ جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مراکش میں گذشتہ برس 4 افراد نے ایک 15 سالہ لڑکی کو مبینہ طورپر اجتماعی زیاتی کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے لڑکی کی شکایت پر چاروں ملزمان کو گرفتار کیا مگر حال ہی میں عدالت نے انہیں بے قصور قرار دے کر بری کردیا تھا۔ ملزمان کی بریت کے بعد متاثرہ لڑکی نے انصاف نہ ملنے پر بطور احتجاج خود کشی کرلی تھی جس پر عوام سخت مشتعل ہیں۔مراکش میں انسانی حقوق اور خواتین کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اجتماعی زیاتی کیس کے مجرموں کی رہائی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور ہزاروں عام شہریوں نے لڑکی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے مجرموں کی رہائی کے خلاف احتجاج شروع کیا ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنسی تشدد کے جرم میں ملوث مجرموں کے لیے عبرت ناک سزائیں مقرر کرے تاکہ بچیوں کی عزت وناموس کا تحفظ کیا جا سکے۔