Live Updates

پنجاب اسمبلی کے اراکین کی حلف برداری مکمل ‘359اراکین نے حلف اٹھالیا‘صوبائی اسمبلی کی12نشستیں ابھی خالی ہیں

کوشش ہوگی بہتری کی جانب چلیں‘ احتجاج کی یہ کالی، نیلی پٹیاں چلتی رہیں گی۔چوہدری پرویزالہی کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 اگست 2018 11:14

پنجاب اسمبلی کے اراکین کی حلف برداری مکمل ‘359اراکین نے حلف اٹھالیا‘صوبائی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اگست۔2018ء) مسلم لیگ (ق )کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ کوشش ہوگی کہ ہم بہتری کی جانب چلیں۔رہنما مسلم لیگ( ق) چوہدری پرویزالہٰی پنجاب اسمبلی پہنچے، اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے احاطے میں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب اسپیکر کا الیکشن ہو جائے گا تو وزیراعلیٰ کا اعلان بھی ہوجائے گا۔

ایک صحافی نے چوہدری پرویز الٰہی سے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب ارکان کے احتجاجاً بازو پر کالی پٹیاں باندھ کر پنجاب اسمبلی آنے کا ذکر کیا، جس پر پرویز الٰہی نے کہا کہ احتجاج کی یہ کالی، نیلی پٹیاں چلتی رہیں گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسمبلی اس طرح چلے گی کہ آپ بھول جائیں گے کہ اسمبلی کا ماحول کبھی خراب ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب کی پندرہویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔

الیکشن 2018 کے بعد پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا۔اسپیکر رانا محمد اقبال نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا‘اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 12 نشستیں خالی ہیں۔پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 176 ممبران نے حلف اٹھایا۔ تحریک انصاف کے 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ہیں۔مسلم لیگ( ن) کے 162 ارکان نے حلف اٹھایا، نون لیگ کے 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ہیں۔

مسلم لیگ (ق )کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 3 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔پنجاب اسمبلی میں 50 ایسے بھی ارکان شامل ہیں جو پانچویں، تیسری اور دوسری دفعہ اسمبلی میں واپس پہنچے ہیں۔85 کے غیر جماعتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے چوہدری اقبال گجر مسلسل نویں بار، اسپیکر رانا محمد اقبال پانچویں مرتبہ، میاں یاور زمان، مجتبیٰ شجاع الرحمان چوتھی، رانا مشہود، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، شیخ علاو¿ الدین، بلال یاسین، خلیل طاہر سندھو اور حمیدہ وحیدالدین سمیت ڈیرھ درجن ارکان تیسری بار اسمبلی پہنچے ہیں۔

میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، سبطین خان اور جہانگیر خانزادہ سمیت 3 درجن سے زائد ایسے ارکان بھی شامل ہیں جو مسلسل دوسری مرتبہ اسمبلی پہنچی ہیں۔ راحیلہ خادم حسین تیسری مرتبہ مخصوص اسپیشل سیٹ پر کامیاب ہوئیں۔ذکیہ شاہنواز، حنا پرویز، عظمیٰ زاہد بخاری اور مہوش سلطانہ سمیت مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی ٹکٹ پر درجن بھر ایسی خوش نصیب ارکان موجود ہیں جو دوسری مرتبہ ایوان میں پہنچی ہیں۔صوبائی سطح پر 90 کے عام انتخابات سے مسلسل کامیاب ہونے والے رانا ثنا اللہ اور 3 مرتبہ قائد ایوان رہنے والے شہباز شریف اب اسمبلی کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کھوسہ اور لغاری خاندان مرکز کے بعد صوبے سے بھی آﺅٹ جبکہ دریشک خاندان ایک عرصے بعد صوبائی اسمبلی میں دوبارہ واپس آیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات