ہرسال 15اگست کا دن کشمیری عوام کیلئے مصیبت اور مشکلات کا باعث بنتا ہے، تحریک حریت

بدھ 15 اگست 2018 12:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںو کشمیر نے بدھ کوبھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر کشمیری عوام کو یرغمال بنانے، آزادی پسند رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کی گرفتاریوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہرسال 15اگست کا دن کشمیری عوام کیلئے مصیبت اور مشکلات کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس دن انہیں تلاشیوں، محاصروں، چھاپوں، گرفتاریوں اورظلم و تشدد کا عذاب سہنا پڑتا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے متعد دعلاقوںسے غلام احمد گلزار، سید امتیاز حیدر، محمد یاسین عطائی، اشفاق احمد خان، محمد یوسف گنائی ، محمد مقبول گنائی ، بشیر احمد چھون، حاجی غلام حسن بٹ ، ماسٹر علی محمد ڈار ، غلام احمد پرے ، صوفی غلام ، فاروق احمد شاہ، غلام رسول ، شکیل احمد ، فیاض احمد ایتو ، محمد سلطان اور دیگر سینکڑوں نوجوانوں کی گرفتار ی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 15اگست بھارت کے عوام کے لیے خوشی اور جشن کا دن ہوسکتا ہے، کیونکہ بھارت اس دن انگریزوں کی بدترین غلامی سے آزاد ہوا تاہم کشمیری عوام کو اس دن سے کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ بھارت نے غیر قانونی طورپر جموںوکشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیریوں کو ابھی تک اپنے مستقبل کافیصلہ کرنے کا حق نہیں دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت نے اپنی آزادی کے صرف ڈیڑھ ماہ بعد اپنی غلامی کی تاریخ بھول کر 27اکتوبر 1947ء کو جموںو کشمیر پر اپنے فوجی اتارکربرصغیر کی تقسیم کے فارمولے کے خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر قبضہ کر لیا ۔ترجمان نے کہاکہ تب سے اب تک بھارت کشمیری عوام کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں کو بھلا کر دنیا کو گمراہ کررہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ 15اگست کا دن کشمیریوں کیلئے سوہان روح بناہوا ہے۔ چپے چپے پر تلاشیاں، گائوں اور قصبوں کے محاصرے، کریک ڈاؤن، توڑ پھوڑ اور گرفتاریاں جاری ہیں۔تاہم انہوںنے کہاکہ ان جارحانہ پالیسیوں سے کشمیریوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے۔ تحریک حریت نے پلوامہ، ترال، کاکپورہ، کولگام، شوپیان اوردیگر علاقوںمیں بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :