حوثیوں کی گولہ باری سے ایک ہی خاندان کے تمام افراد شہید

حجتہ گورنری میں سرکاری فوج اور اس کی حامی مزاحمتی ملیشیا کی طرف سے پیش قدمی جاری

بدھ 15 اگست 2018 12:28

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) یمنی فوج کے ایک مصدقہ ذریعے کا کہنا ہے کہ شمال مغربی حجتہ گورنری کی حیران ڈاریکٹوریٹ میں السادہ کے مقام پر حوثیوں کی گولہ باری کے نتیجے میں ایک خاندان کے تمام افراد شہید ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حجتہ گورنری میں سرکاری فوج اور اس کی حامی مزاحمتی ملیشیا کی طرف سے پیش قدمی جاری ہے۔

دوسری طرف حوثی باغی شہری آباد پر بھاری ہتھیاروں سے حملے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حجتہ گورنری میں پیش قدمی کے دوران عرب اتحادی فوج کی فضائی معاونت بھی حاصل رہی ہے۔حالیہ چند ایام کے دوران سرکاری فوج نے حجتہ میں کئی اہم دفاعی مقامات باغیوں سے واپس لے لیے اور ایران نواز حوثیوں کو پسپائی پر مجبور کردیا ہے۔شمال مغربی یمن کی حج گورنری کے متعدد ساحلی علاقے اب سرکاری فوج کے کنٹرول میں ہیں۔حرض اور میدی ڈاریکٹوریٹ میں حوثیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے اور اب حیران میں شدید لڑائی جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق شدید لڑائی کے دوران سرکاری فوج مثلث عاھم کے مرکز سے صرف چھ کلو میٹر کی دوری پر ہے۔