دُبئی: رشوت کی پیش کش کرنے والے پاکستانی ڈرائیور کو ایک سال قید کی سزا

ملزم نے روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکار کو پانچ ہزار درہم کی رشوت کی آفر کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 اگست 2018 12:16

دُبئی: رشوت کی پیش کش کرنے والے پاکستانی ڈرائیور کو ایک سال قید کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اگست 2018ء) دُبئی کی عدالت نے ایک پاکستانی ڈرائیور کو ڈرائیورنگ ٹیسٹ ایگزامینر کو پانچ ہزار رُوپیہ رشوت کی آفر کرنے کے جُرم میں ایک سال قید اور پانچ ہزار جرمانہ کی سزا سُنا دی۔ ملزم نے اتھارٹی کے مذکورہ اہلکار کو پیش کش کی تھی کہ اگر وہ چند لوگوں کو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران کلیئر قرار دے دے گا تو اُسے پانچ ہزار روپیہ بطور انعام دیا جائے گا۔

استغاثہ کے ریکارڈ کے مطابق چھیالیس سالہ پاکستانی ملزم نے روڈ ز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈرائیونگ لائسنس سیکشن کے ایگزامینر سے فون پر رابطہ کر کے کہا کہ اگر وہ اُس کے جاننے والے کچھ افراد کی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران مدد کرے‘ ان افراد کا فائل نمبر وہ اُسے مہیا کر دے گا‘ ملزم کے مطابق ’مدد‘ کا مطلب یہ تھا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران وہ ان مخصوص افراد کی غلطیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اُنہیں اپنی رپورٹ میں لائسنس کے لیے موزوں قرار دے گا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزم کوسرکاری اہلکار کو غلط کام کی ترغیب دینے کا ملزم قرار دیتے ہوئے سزا سُنا دی۔ تفصیلات کے مطابق یہ کیس 27 جُون 2018ء کو المرقبت پولیس اسٹیشن میں درج ہوا۔ اتھارٹی کے اہلکار نے عدالت کو بتایا ’’ مجھے پاکستانی شہری کی جانب سے ایک انٹرنیشنل نمبر سے کالز آ رہی تھیں۔ ایک کال کے دوران ملزم نے مجھ سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ وہ اپنا مقصد بیان کر سکے۔

میں اُس کی کالز کو نظر انداز کرتا رہا اور اُسے دھمکی بھی دی کہ اگلی بار اگر اُس نے کال کی تو وہ پولیس کو بتا دے گا۔ مگر وہ پھر بھی باز نہ آیا۔ کچھ عرصے بعد اُس نے پھر کال کر کے کہا کہ اُس کا بھائی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے اپلائی کر رہا ہے۔ اگر میں اُسے ٹیسٹ کے دوران پاس کر دوں تو وہ مجھے بہت فائدہ دے گا۔میں نے اُسے پوچھا کہ وہ کس قسم کا فائدہ دے گا تو اس نے مجھے کہا کہ وہ یہ ملنے پر ہی بتا سکتا ہے۔

میں نے ساری بات اپنے سینئر افسران کے گوش گزار کر دی۔ جس پر مجھے ہدایت کی گئی کہ میں اُس سے کہیں مِلنے کا وقت طے کروں۔ آخر میں اُسے ابو حیل کے علاقے میں مِلا‘ جہاں ملزم نے مجھے جونہی رشوت کی رقم پکڑائی تو پاس ہی چھُپے بیٹھے سی آئی ڈی افسروں نے اُسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔‘‘ ملزم کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی ہے۔