العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت‘نوازشریف کو عدالت میں پیش کردیا گیا

تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کو جیل بھیجا گیا، چترال سے لیکر کراچی تک پوری قوم نوازشریف کے ساتھ ہے۔شہبازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 اگست 2018 12:25

العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت‘نوازشریف ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اگست۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی، جس کے لیے انہیں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچا دیا گیا۔احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کریں گے،احتساب عدالت نے نواز شریف کو بطور ملزم جبکہ پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءکو بطور گواہ طلب کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق آج نوازشریف کوبکتربندکے بجائے بلیک کلرکی لینڈکروزرمیں لایاگیا اور ان کواحتساب عدالت کے مین گیٹ سے اندرلےجایاگیا۔دوسری نون لیگی کارکنوں نے بکتربندگاڑی کوگھیرے میں لے لیا جبکہ ایک کارکن بکتر بند گاڑی پر چڑھ گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب عدالت میں نواز شریف کے استقبال کو آنے والے کارکنوں سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ نے یہ حکمت عملی بنائی کہ ایک بڑے قافلے میں بکتر بند گاڑی کو فرنٹ گیٹ سے لایا گیاجبکہ نواز شریف کو سیاہ گاڑی میں عقبی دروازے سے عدالت پہنچادیا گیا۔

واضح رہے 13 اگست کو ہونے والی سماعت کے دوران بھی نواز شریف کو سخت سیکورٹی میں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے مختصر سماعت کے بعد دونوں ریفرنسز کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی تھی۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی احتساب عدالت نمبر دو کے جج ارشد ملک کیس کی سماعت کررہے ہیں - عدالت نے آج تفتیشی افسر محبوب عالم اور سربراہ جے آئی ٹی واجد ضیا کو طلب کر رکھا ہے۔

نوازشریف کو اس بار بکتر بند کے بجائے لینڈ کروزر میں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت منتقل کیا گیا، اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سابق وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر شہبازشریف، خواجہ آصف، احسن اقبال، راناثنااللہ اور مریم اورنگزیب بھی احتساب عدالت میں پہنچے۔گزشتہ سماعت پر نوازشریف کو بکتر بند میں عدالت منتقل کرنے پر شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ نواشریف کے ساتھ توہین آمیز رویہ فوری رکوایا جائے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو10 سال قید بامشقت اور80 لاکھ برطانوی پاﺅنڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔دوسری جانب مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جس طرح عدالت میں پیش کیا گیا اس پر احتجاج رکارڈ کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کو جیل بھیجا گیا، چترال سے لیکر کراچی تک پوری قوم نوازشریف کے ساتھ ہے۔ قومی اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کیا، 3 مرتبہ منتخب وزیراعظم کو جیل بھیجا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آج بھی ہم اپنے قائد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج ریکارڈ کرایا، آج اپیلٹ کورٹ میں اپیل دوبارہ سنی جائے گی۔

صدر مسلم لیگ نون نے کہا چترال سے لیکر کراچی تک پوری قوم نوازشریف کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف جلد جیل سے باہر ہوں گے اور امید ہے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی عید اپنے لوگوں کے درمیان منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جیسا سلوک نوازشریف سے کیا گیا، کسی دہشت گرد سے بھی نہیں کیا گیا تاہم نوازشریف کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوازشریف سے عدالت میں ملاقات کی ہے انہوں نے 14 اگست کی مبارکباد دی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کو جن مقدمات میں سزا سنائی گئی اس کے صفحہ 171 پر بے گناہی لکھی گئی ہے جبکہ ٹرائل کورٹ نے نوازشریف اور مریم نواز کو کریشن کیس سے کلیئر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو سامنے لائیں گے، دھاندلی زدہ الیکشن پر تمام لوگ اعتراض کر رہے ہیں اور پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے جبکہ ہم ایوان میں تاریخی کردار اداکریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ متنازع اور دھاندلی شدہ الیکشن پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کریں گے، الیکشن کمیشن اپنے فرائض انجام دینے میں بری طرح ناکام رہا، ہم الیکشن کو تحفظ دینے پارلیمنٹ نہیں آئے، ہم جمہوریت کی خاطر پارلیمنٹ آئے ہیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔