Live Updates

خان صاحب 25 جولائی سے خاموش ہیں، کچھ تو بول دیں

ہم ترس گئے ہیں آپ کی آواز سننے کو، دو لفظ ہی بول دیں ، صحافی کی منتیں ، عمران خان نے خاموشی نہ توڑی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 12:43

خان صاحب 25 جولائی سے خاموش ہیں، کچھ تو بول دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پارلیمنٹ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہو گئے۔ قومی اسمبلی سے باہر آتے ہوئے صحافی نے عمران خان سے کہا کہ سر آپ کچھ بول دیں لیکن عمران خان چُپ رہے جس پر صحافی نے کہا کہ سر آپ 25 جولائی سے خاموش ہیں، پہلے آپ دن میں چار چار مرتبہ تقاریر کرتے تھے ، اب آپ کچھ نہیں بولتے ، آپ کی آواز سننے کو ترس گئے ہیں۔

لیکن عمران خان نے ایک لفظ نہ بولا۔ صحافی نے منتیں کرنے کے انداز میں عمران خان سے کہا کہ خان صاحب دو لفظ ہی بول دیں ہماری ہیڈ لائن بن جائے گی لیکن پھر بھی عمران خان نے اپنی خاموشی نہ توڑی اور قومی اسمبلی سے باہر نکلتے ہی اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر عوام سے اپنے پہلے پالیسی بیان میں بھی عمران خان نے اختصار ہی اپنایا تھا، اور بہت مختصر گفتگو کی تھی، انتخابات کے بعد سے ہی عمران خان کو کم بات کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ارکان اسمبلی ووٹنگ کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو 175 ووٹ اور اپوزیشن کو 145 ووٹ ملنے کا امکان ہے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے لئے 4 اُمیدوارمیدان میں ہیں۔اسپیکر کے اہم ترین عہدے کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات