Live Updates

شہری پر تشدد کا معاملہ ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے گھر جا کر معافی مانگ لی

ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ، متاثرہ شہری نے بھی قانونی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کروادی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 13:02

شہری پر تشدد کا معاملہ ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے گھر جا کر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے گذشتہ روز سڑک پر ایک شہری پر تشدد کیا جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم اب ڈاکٹرعمران علی شاہ نے متاثرہ شہری کے گھر جا کر معافی مانگ لی۔ عمران علی شاہ متاثرہ شہری کےگھر پہنچے اور بغل گیر ہو کر معذرت طلب کی۔


متاثرہ شہری سول ایوی ایشن میں اعلیٰ عہدےپرفائزہے۔

ڈاکٹر عمران علی شاہ کے گھر آ کر معذرت کرنے پر متاثرہ شخص نے کہا کہ میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔

(جاری ہے)

انہوں نےبتایا کہ میری بیٹی اسپتال میں داخل ہے۔ میں اسےدیکھنے جارہاتھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ کا کہنا تھا کہ کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تومعافی چاہتا ہوں۔انہوں نےمزید کہا کہ میں کبھی بھی قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتا۔

ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے ووٹرز، سپورٹرز اور شہریوں کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ ایک شہری پر تشدد کررہے تھے۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین نے پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور پارٹی سے مطالبہ کیا کہ شہری سے اس رویے کا فوری نوٹس لے کر کارروائی کی جائے جس کے بعد پارٹی کی جانب سے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران شاہ کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پر شوکازنوٹس دیا ہے۔ ڈاکٹر عمران شاہ نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنا موقف بھی پیش کیا اور دل آزاری پرعوام سے معذرت کی ، تاہم اب انہوں نے متاثرہ شہری کے گھر جا کر اہل خانہ کے سامنے اس سے معافی طلب کی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات