نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت

بدھ 15 اگست 2018 14:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی پولیس کی طرف سے چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوںپر ظلم و تشدد اور ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اِسے غیر انسانی، غیرجمہوری اور وحشیانہ کارروائی قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بارایسوسی ایشن کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کاکہ پورہ پلوامہ کے علاقے کاسی گنڈ کے سمیراحمد کوبھارتی فورسز کی طرف سے علاقے کے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گولی مارکر شدید زخمی کرنے کی بھی مذمت کی ۔

انہوںنے افسوس ظاہرکیاکہ بھارتی فورسز نے اس دوران کشمیریوںکو احتجاج سے روکنے اورخوفزدہ کرنے کیلئے گولیوں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک 2001کے ایک جھوٹے مقدمے میں نوٹس جاری کرنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ مقدمہ پہلے ہی ایک عدالت میںزیرسماعت ہے اورعدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کررکھا ہے ۔

ترجمان نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دلی کے سٹوڈنٹ لیڈر عمرخالد پرقاتلانہ حملے کی بھی مذمت کی ۔ا نہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات اور انہیں انکا حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے جس کا وعدہ بھارتی رہنمائوںنے کشمیریوں سے کر رکھا ہے ۔