جسٹس محمد یاور علی کی غیر ملکی دورے پر روانگی ،

سینئر ترین جج جسٹس محمد انوارالحق نے قائمقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھا یا

بدھ 15 اگست 2018 14:18

جسٹس محمد یاور علی کی غیر ملکی دورے پر روانگی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد یاور علی کے غیر ملکی دورے پر روانگی کے باعث سینئر ترین جج جسٹس محمد انوارالحق نے قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب میں ججز اور وکلا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد انوارالحق کی حلف برداری تقریب لاہور ہائیکورٹ کے ججز لائونج میں ہوئی جس میں جسٹس سردار محمد شمیم خان نے جسٹس محمد انورا لحق سے قائمقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برادری کی تقریب میں جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس طارق عباسی، جسٹس قاضی محمد امین احمد، جسٹس شاہد جمیل خان، عاطر محمود، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس مزمل اختر شبیر سمیت دیگر ججز اور لاء افسران نے شرکت کی ۔چیف جسٹس محمد یاورعلی کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث جسٹس محمد انوارالحق 18اگست تک قائمقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے فرائض سر انجام دیں گے۔