حریت لیڈروں اور کارکنوں کی گرفتاریاں انتہائی قابل مذمت ہیں ،سید علی گیلانی

بھارت کے یوم آزادی کو کشمیری قوم کیلئے یقینی طور پر ایک عذاب اور عتاب بنادیا گیا ہے بیان

بدھ 15 اگست 2018 14:41

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقعے پر پوری ریاست میں جبروزیادتیوں گرفتاریوں تلاشیوں اور ہراسان کرنے کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور بھارت کے یوم آزادی کو کشمیری قوم کیلئے یقینی طور پر ایک عذاب اور عتاب بنادیا گیا ہے اپنے ایک بیان میں آزادی پسند رہنما بالخصوص نوجوان کو خانہ یاتھانہ نظر بند رکھنے کی آمرانہ کارروائیوں کے علاوہ حریت پسندوں کے گھروں پر شبانہ چھاپہ ڈالنے کی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ نے حریت جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی،غلام احمد گلزار بلال احمد صدیقی سمیت درجنوں کارکنوں اور لیڈروں کو بھی مختلف تھانوں میں نظر بند کردیا گیا ہے گیلانی صاحب نے حالیہ گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی پولیس اور سول انتظامیہ کی طرف سے انسانیت اور عوام کش حربوں سے ان کے سیاہ کارناموں کی فہرست اور زیادہ طویل ہورہی ہے مظلوم عوام سے یہ لوگ اتنے خوفزدہ ہیں کہ آزادی کے جذبات پر بھی قدغن لگاکر دہلی کے آقاؤں کے اشاروں پر ناچ کر فخر محسوس کرتے ہیں انہوں نے ان سول اور پولیس انتظامیہ کے ذمہ داروں سے سوال کیا کہ آخر کب آپ کا ضمیر جاگ جائے گا حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کو جب ہی اپنے یوم آزادی کا جشن منانے کا اخلاقی طور حق پہنچتا ہے جب بھارتی حکمران اضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے حقیقت پسندی سے کام لیں گے اور کشمری قوم کے حق آزادی کووا گزار کرانے کے لیے آمادگی کا اظہار کریں گی