Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

حلف برداری کے دوران اپوزیشن کا شدید احتجاج اور نعرے بازی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 14:31

پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد قیصر کامیاب ہوئے اور انہوں نے اس سخت مقابلے میں اپوزیشن کے اُمیدوار سید خورشید شاہ کو شکست دی۔ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کے کُل 322 اراکین نے حلف لیا، اور 322 ارکان اسمبلی نے ہی ووٹ کاسٹ کیا۔

322 ووٹس میں سے 8 ووٹ مسترد ہوئے ۔ ایاز صادق نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد قیصر نے 176 جبکہ اپوزیشن اُمیدوار سید خورشید شاہ نے 146 ووٹس حاصل کیے۔ ایاز صادق نے نئے اسپیکر قومی اسمبلی کے طور پر اسد قیصر کے نام کا اعلان کر دیا۔ سبکدوش اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب اسپیکر اسمبلی سے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسد قیصر کی بحیثیت اسپیکر قومی اسمبلی حلف برداری کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔ ن لیگی ارکان اسمبلی نواز شریف کی تصاویر اُٹھا کر اسپیکر ڈیسک کے سامنے سراپا احتجاج رہے۔ ایوان میں شور و غُل کے پیش نظر نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کارروائی کو 15 منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔ آج ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کیا اور پارلیمنٹ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہو گئے تھے لیکن ووٹنگ مکمل ہونے اور گنتی کا عمل شروع ہونے تک عمران خان دوبارہ پارلیمنٹ پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ آج اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹنگ کی گئی ۔ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے اُمیدوار کو ووٹ ڈالا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ووٹنگ مکمل ہونے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو 175 ووٹ اور اپوزیشن کو 145 ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے لئے 4 اُمیدوارمیدان میں اُترے ۔اسپیکر کے اہم ترین عہدے کے لیے اسد قیصراور خورشید شاہ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جبکہ ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوا۔ اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں اسپیکرکا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوا۔ اس موقع پر کسی بھی رکن اسمبلی کو موبائل فون سے ووٹ کی تصویربنانے کی اجازت نہیں تھی۔ ہرووٹرکو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری کیا گیا۔ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اب وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے جس پر ووٹنگ کے بعد وزیر اعظم کا انتخاب ہو گا اور 17 اگست کو وزیر اعظم کے عہدے لیے حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات