Live Updates

دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھیں گے

عدالت نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کسی قسم کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی، امید ہے دونوں جلد رہا ہوں گے وزیراعظم کا امیدوار مسلم لیگ (ن)، سپیکر کا امیدوار پیپلز پارٹی، ڈپٹی سپیکر ایم ایم اے سے ہونے کے متفقہ فیصلے کی پاسداری کریں گے شہباز شریف کی پریس کانفرنس

بدھ 15 اگست 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و رکن قومی اسمبلی میاں شہبا زشریف نے کہا ہے کہ قوم حالیہ انتخابات میں دھاندلی زدہ نتائج کا جواب لے کر رہے گی، صوبہ خیبر پختونخوا سے لے کر کراچی تک الیکشن میں دھاندلی کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر خواجہ آصف و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ قوم نوا زشریف اور مریم نواز کی رہائی کے لے دعا کرے، احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں صفحہ 171 پر خود لکھا ہے کہ ان پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ہے۔ عدالت کا فیصلہ ان کی بے گناہی کی دلیل ہے۔ عدالت نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کسی قسم کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ مریم نواز اور نواز شریف جلد رہاہوں گے اور عید اپنے ہم وطنوں کے ساتھ منائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہم نے کالی پٹیاں بازؤں پر باندھ رکھی ہیں، یہ دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف اسمبلی کے اندر اور باہر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ موجودہ الیکشن سب سے زیادہ متنازعہ ترین الیکشن بن چکا ہے ۔ ملک کے اندر اور باہر کے اخبارات اس بات پر اتفاق کررہے ہیں کہ 2018ء کے الیکشن دھاندلی زدہ ہیں اور اس وجہ سے ہم آزادی کی خوشی نہ مناسکے۔

شہباز شریف نے کہاکہ الیکشن کمیشن ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ہم جمہوریت کی شمع روشن کرنے کے لئے پارلیمان میں آئے ہیں۔ اسمبلی کے اندر الیکشن میں دھاندلی کو بے نقاب کریں گے۔ 2013ء میں عمران خان کے کہنے پر چار حلقوں کو کھولا گیا۔ سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں کمشین بنایا اور اس میں ثابت ہوا کہ الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ہے۔

اس وقت عمران خان اور حکومت کے درمیان معاہدے میں لکھا تھا کہ اگر دھاندلی ثابت ہو جائے تو حکومت مستعفی ہو جائے گی۔ اب دیکھیں گے کہ عمران خان اپنے معاملات کو پورا کرتے ہیں کہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے اجلاسوں میں متفقہ فیصلہ ہوا ہے کہ وزیر اعظم کا امیدوار مسلم لیگ (ن)، سپیکر کا امیدوار پیپلز پارٹی جبکہ ڈپٹی سپیکر کا امیدوار ایم ایم اے سے ہو گا ۔ مسلم لیگ (ن) اس فیصلے پر قائم ہے اور اس فیصلے کی پاسداری کریں گے۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ اسمبلی میں الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کا جواب لے کر رہیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی اکثریت ہے، اپوزیشن لیڈر ہمارا حق ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات