عوام کو عید الاضحیٰ کیلئے جانیوالے قربانی کے جانوروں کو بچوں سے دور رکھنے کی ہدایت

بدھ 15 اگست 2018 15:23

فیصل آباد۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) عوام کو عید الاضحیٰ کے سلسلہ میں خریدے جانے والے قربانی کے جانوروں کو بچوں سے دور رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ چونکہ جانوروں پر پلنے والے چیچڑ اور متاثرہ جانور کے خون سے کانگو بخار لاحق ہوسکتا ہے اس لئے فرزندان اسلام قربانی کے جانور کی خرید و فروخت کے وقت ان کا اچھی طرح معائنہ کریں اور مذکورہ جانور دن کی روشنی میں خریدنے کی کوشش کی جائے تاکہ بعد ازاں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا خدشہ نہ رہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر شہری قربانی کے جانوروں کوچیچڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں جبکہ اس ضمن میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے نیز مویشی پال افراد بھی محکمہ لائیو سٹاک کے مشورے سے چیچڑ مار ادویات استعمال کریں اور بچوں کو جانوروں کے ساتھ کھیلنے سے روکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عید قربان کے روز جانوروں کو ذبح کرتے اور گوشت بناتے وقت احتیاط برتی جائے اور جانوروں کے خون سے خود کو آلودہ ہونے سے بچا نے سمیت ذبح شدہ جانوروں کا خون اور آلائشیں احتیاط سے تلف کی جائیں اور اگر ممکن ہو تو انہیں زمین میں دبا د یا جائے۔ انہوںنے کہا کہ قربانی کا جانور ذبح کرنے والے افراد خون آلود کپڑے فوری تبدیل کرنے کے علاوہ ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھولیں۔

انہوںنے کہا کہ کانگو بخار کی علامات میں جسم میں شدید درد ، تیز بخار، متلی اور قے، منہ اور ناک سے خون بہنا، جسم پر سرخ رنگ کے نشانات اور دھبے ظاہر ہونا شامل ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگر تیز بخار یا کانگو کی علامات کا احساس ہو تو فورا قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ تمام افراد مزید مفید معلومات اور رہنمائی کیلئے ہیلتھ لائن 0800-99-000 پر مفت کال کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :