زیتون کی اعلیٰ نسل اور زیادہ پیداوار کے حامل 20لاکھ پودوں کی مفت فراہمی کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 31اگست مقرر

بدھ 15 اگست 2018 15:43

فیصل آباد۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) زیتون کی اعلیٰ نسل اور زیادہ پیداوار کے حامل 20لاکھ پودوں کی مفت فراہمی کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 31اگست مقرر کر دی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ جو کاشتکار و کسان پہلے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں انہیں دوبارہ درخواستیں جمع کروانے کی ضرورت نہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجما ن نے بتایاکہ حکومت پنجاب کے مذکورہ منصوبہ کے تحت سال 2020ء تک پوٹھوہار کے اضلاع چکوال ، جہلم ، اٹک ، راولپنڈ ی،میانوالی ، خوشاب کے کاشتکاروں و کسانوں کو مذکورہ اعلیٰ نسل کے پودے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ بنجر و کم زرخیز زمینوں کو استعمال میں لانے اور پوٹھوہار کو وادی زیتون میں تبدیل کرنے کیلئے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت پانی کے وسائل بنانے کیلئے 70فیصد تک ، ڈرپ اریگیشن کیلئے 60فیصد تک مالی معاونت بھی فراہم کرے گی اسی طرح زیتون کے پھل سے تیل نکالنے کی مفت سہولت کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں ، کسانوں ،زمیند اروں کو عملی تربیت اور مفت تکنیکی مشاورت فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔