کشمیریوں کا یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کا پرچم اٹھا کر جلوس، ریلیاں اور مارچ پاسٹ بھارت کیلئے کشمیریوں کا واضح پیغام ہے،سردار مسعودخان

پندرہ اگست، بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر کشمیریوں نے پاکستان سے محبت اور بھارت سے اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے،صدر آزاد کشمیر ذرائع ابلاغ کے تمام وسائل مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے استعمال کیے جائیں گے،وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس

بدھ 15 اگست 2018 15:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام اور مزاحمتی قیادت کی جانب سے یومِ آزادی پاکستان منانے اور مبارکباد کے پیغامات بھیجنے پر اُن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے طول و عرض میں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کا پرچم اٹھا کر جلسے، جلوس، ریلیاں اور مارچ پاسٹ بھارت کے لئے کشمیریوں کا واضح پیغام ہے۔

ایوان صدر مظفرآباد میں وزیراطلاعات، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی مشتاق منہاس سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یسٰین ملک کی کال پر پندرہ اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر کشمیریوں نے پاکستان سے محبت اور بھارت سے اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جس جو ش و جذبے اور محبت کا اظہار کیا ہے اُس کے لیے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور عوام مقبوضہ وادی کے حریت پسند بھائیوں اور بہنوں کے شکر گزار ہیں۔

صدر نے لال چوک سرینگر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے، پُرامن مقامی افراد پر جبروتشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظلم کے ہتھکنڈے استعمال کر کے کشمیری عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی تحریک کو مقاصد کے حصول تک جاری و ساری رکھیں گے۔ صدر سردار مسعود خان نے بزرگ سیاسی رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یٰسین ملک اور مفتی ناصر الاسلام کی غیر قانونی نظربندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حریت پسند رہنما شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی اور مسرت عالم بٹ کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔

صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات قائم کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو یقین دلایا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔وزیراطلاعات راجہ مشتاق منہاس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان کو یقین دہانی کروائی کہ ذرائع ابلاغ کے تمام وسائل مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے استعمال کیے جائیں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور وہاں پر بھارتی فوج کے مظالم سے دنیا کو باخبر کرنے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ذرائع ابلاغ سے متعلق حکومتی اور پرائیویٹ اداروں اور نیٹ ورکس کی استعداد کار بڑھائی جائے گی تاکہ وہ بہتر انداز میں پیشہ وارانہ طریقے سے اپنا کام کر سکیں۔۔