خواتین کسی بھی معاشرے کا ایک اہم جز وہیں، ان کی ترقی میں ہی قوموں کی ترقی کا راز پنہاںہے ،راجہ فاروق حیدر

تیرہویںآئینی ترمیم میں خواتین کیلئے ہر شعبہ میں برابر مواقع کو آئین کا حصہ بنا دیا گیا ہے،خو اتین کے مسائل کے حل کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

بدھ 15 اگست 2018 15:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کا ایک اہم جز وہیں اور ان کی ترقی میں ہی قوموں کی ترقی کا راز پنہاںہے ۔ ہم خواتین کے مسائل کے حل کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے ۔تیرہویںآئینی ترمیم جو کہ آزاد کشمیر حکومت کا کارہائے نمایاں ہے اس میں خواتین کے لیے ہر شعبہ میں برابر مواقع کو آئین کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

ماں کے تحفظ ،بچے کا تحفظ اور شادی کی پروٹیکشن کے حوالہ سے قانون بنایا گیا ہے تاکہ معاشرتی اقتدار کو فروغ دیا جاسکے اور فیملی سسٹم کو تحفظ حاصل ہو۔ خواتین کی ٹریننگ کے حوالے سے بھی کام کریں گے اور انہیں ہر شعبہ میں مناسب نمائندگی دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

گورنر سٹیٹ بینک سے خواتین کو آسان اقساط پر قرضہ دینے کے حوالے سے بھی کام کیا ہے تاکہ خواتین کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جاسکے اور وہ بھی مردوں کے شانہ بشانہ ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وویمن ایکشن فورم آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں ’’جشن آزادی کے رنگ کشمیر کی ثقافت کے سنگ ‘‘کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نسیمہ وانی ، شوکت جاوید میر ، سجاد لطیف ،مبشر اعجاز ، اسد قریشی اور ثاقب عباسی نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہمیشہ میرٹ اور سفارش سے پاک کلچر کو فروغ دیا ہے اس حوالے سے این ٹی ایس نے میرٹ پر بھرتیاں کی گئیں اور مصنوعی اونچ نیچ کے کلچراور سفارش کو ختم کیا گیا ۔

این ٹی ایس کے نفاذ سے ریاست کی پڑھی لکھی خواتین تعلیم کے شعبہ میں آگے آئی ہیں ۔ کیونکہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے سب سے اہم شعبہ ہے ، تعلیم کے ذریعے ہم مستقبل کے معماروں کی آبیاری کرتے ہیں ۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے مختلف پروگرامز شروع کیے گئے ہیں اس حوالے سے ڈسپلے سینٹرز بنائے گئے ہیں تاکہ آزاد کشمیرکی خواتین کے ہاتھ سے بنائی گئی اشیاء کی تشہیر کی جاسکے ۔

خواتین کی اہمیت کے حوالے سے ہمارے پاس اسوہ رسول ؐکا ایک بہترین نمونہ ہے جو اپنی بیٹی حضرت فاطمہ ؓکی آمد پر ہمیشہ کھڑے ہو کر ان کا استقبال کرتے تھے اور انہوں نے ہمیشہ خواتین سے بہترین سلوک کرنے کا درس دیا ۔ہمارے لیے نبیؐعورتوں کی قدر کے حوالے سے بہترین مشعل راہ ہیں۔خواتین بھی ہماری حکومت کی ذمہ دار ی ہیں اور ہم ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بہترین اقدامات کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں آج مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن مائوں نے اپنے لخت جگر ، جن بہنوں نے اپنے بھائی اور جن بیویوں نے اپنے سہاگ کشمیر کی آزاد ی کے لیے قربان کیے ۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ ہم سرینگر کے مقام پر جشن آزادی منائیں۔انہوں نے کہا کہ میں قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور جمہوریت کی بقاء کے لیے کی گئی کوششوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی محترمہ نسیمہ وانی نے کہا کہ آزاد ی کے قدر وہی جانتے ہیں جنہوں نے اپنے خاندان مقبوضہ کشمیر میں چھوڑ دیے اور جو آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ۔ آج ہم جشن آزادی منا رہے ہیں مگر اصل جشن آزادی مقبوضہ کشمیر کے نہتے لوگ منا رہے ہیں جو بھارتی فوج کی گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر پاکستان کا سب ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں اور جن کے جنازے اسی پرچم کے سائے تلے دفن ہوتے ہیں ۔

خواتین کے بغیر آزادی کی یہ تحریک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتی کیونکہ خواتین ہی اپنے بیٹوں ، بھائیوں اور شوہروں کو آزادی کی راہ میں قربان کرنے کا حوصلہ رکھتی ہیں ۔ چیئرمین وویمن ایکشن فورم محترمہ شاہین کوثر ڈار نے کہا کہ خواتین کا کردار زندگی کے ہر شعبہ میں نہایت اہم ہے اور ان کی شمولیت کے بغیر کسی بھی ملک کی سیاسی و معاشی ترقی ناممکن ہے ، کشمیر کی سرزمین بہت زر خیز ہے اور یہاں کی ہنر مند خواتین ریاست کی ترقی کیلئے جو کردار ادا کر سکتی ہیں وہ کسی اور صورت ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وویمن ایکشن فورم کے تحت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں خواتین کوٹریننگ دی گئی ملازمت پیشہ خواتین کیلئے مفت ڈے کیئر سینٹر ، صنعتی سکول بنانے اورخواتین کی سکیورٹی کے حوالے سے قانون سازی کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔