کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم آزادی باسکٹ بال فیسٹیول کا انعقاد

بدھ 15 اگست 2018 16:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور فردوس اتحاد کے اشتراک سے آرام باغ کورٹ پر یوم آزادی کے موقع پر 3 نمائشی میچوں کا انعقاد کیا گیا، کھیلے گئے میچوں میں گرلز کا ٹائٹل فاطمہ جناح الیون ، یوتھ کا ٹائٹل چوہدری رحمت الہی الیون جبکہ وٹرنز ٹائٹل قائد اعظم الیون نے اپنے نام کرلیا۔

گرلز فیسٹیول میچ میں محترمہ فاطمہ جناح الیون نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید الیون کو شاندار کھیل کی بدولت 24-20 پوائنٹس سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رویسٹا ٹرنر 10، لائبہ 8 اور اُم تقدس نے 4 پوائنٹس جبکہ رنر اپ ٹیم کی جانب سے کیمرون ٹرنر 8، ثناء 8 اور عائشہ خاتون 4 پوائنٹس سکور کرکے نمایاں رہیں۔

(جاری ہے)

یوتھ فیسٹیول میچ میں چوہدری رحمت الیون نے حفیظ جالندھری الیون کو 35-28 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے عبید خان 8، سعد علی 8 اور حسن علی نے 8 پوائنٹس جبکہ رنر اپ ٹیم کی جانب سے ایش کمار 10، محمد رافع 8 اور محمد دانیال نے 6 پوائنٹس سکور کرکے نمایاں رہے۔ ویٹرنز فیسٹیول میچ میں قائد اعظم الیون نے علامہ اقبال الیون کو سخت مقابلے کے بعد 40-38 پوائنٹس سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے انٹر نیشنل باسکٹ بال پلیئر تنویر احمد 10، عبدالناصر 9، اشرف یحییٰ 8 اور زاہد ملک نے 7 پوائنٹس جبکہ رنر اپ ٹیم کی جان سے فضل احمد 8، عبداللہ امام 8، اکمل خان اور اسد امام 7,7 پوائنٹس سکور کرکے نمایاں رہے۔

کھیلے گئے تینوں فیسٹیول میچز میں ریفریز کے فرائض زعیمہ خاتون ،منہائل خان ،حفضہ خان، ممتاز احمد، عامر غیاث، عامر شریف، ہارون خان، محمد شبر اور نزاکت خان نے سر انجام دیے۔ نمائشی میچز کے اختتام پر آرام باغ کورٹ پر یوم آزادی کے حوالے سے تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین اور ڈپٹی کمشنر کورنگی قرة العین میمن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر ہندو اور عیسائی کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جنرل منیجر اسپورٹس کرنل (ر) سید بصیر عالم، کرنل مظہر شاہ، سندھ والی بال ایسوسی ایشن کی صدر شاہدہ پروین، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد سلیم خمیسانی، پاکستان یوگا سپورٹس فیڈریشن کے سیکرٹری اطلاعات محمد ارشد اور دیگر موجود تھے۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد نے تینوں فیسٹیول میچز میں شریک تمام کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی قرة العین میمن نے ٹرافیاں دیں جبکہ ماہ روز بیوٹی پارلر نے کھلاڑیوں کو سوینئر دیے۔ ڈپٹی کمشنرز سید صلاح الدین اور قرة العین میمن نے یوم آزادی پر شاندار ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔