سرسید پولیس و رینجرز ٹاسک فورس کی کارروائی،

بھتہ خور گروپ کا سرغنہ رنگے ہاتھوں گرفتار

بدھ 15 اگست 2018 16:21

سرسید پولیس و رینجرز ٹاسک فورس کی کارروائی،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) سرسید پولیس اور رینجرز کی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور گروپ کے سرغنہ سید عامر علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملزم جیل سے رہا ہونے کے بعد اپنے گروپ کو دوبارہ تشکیل دے رہا تھا اور مختلف اداروں اور لوگوں سے ایم کیو ایم (لندن) کے نام سے بھتہ وصول کر رہا تھا۔

ملزم کے مطابق یہ گروپ شہر کے مختلف مقامات سے متعدد لوگوں سے بھتہ وصول کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم جوپیٹر سکول سیکٹر 11-C/1 کے مالک عمران ابراہیم سے پہلے بھی چار مرتبہ بھتہ وصول کر چکا ہے، پانچویں مرتبہ بھتے کی ڈیمانڈ کی جس پر عمران ابراہیم نے تھانہ سرسید میں شکایت درج کروائی جس پر ایس ڈی پی او خواجہ اجمیر نگری، ایس ایچ او سر سید اور رینجرز ٹاسک فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بھتہ وصولی کے دوران شاہ محمد قبرستان نارتھ کراچی سے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم سے بھتے کی رقم 20 ہزار روپے، ایک موٹر سائیکل اور ایک عدد ٹی ٹی پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔ملزم سے مزید تفتیش کے علاوہ گروپ میں شامل دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے جو جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔