’’دل دل پاکستان ‘‘کے شاعر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پرمجبور

پاکستان کے اس معروف ملی نغمے کے خالق و شاعر نثار ناسک کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 16:10

’’دل دل پاکستان ‘‘کے شاعر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پرمجبور
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : 14 اگست کا دن گذشتہ روز پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور ہر تقریب میں ملی نغموں کی گونج سنائی دی ، لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر پاکستان کا معروف ملی نغمہ لکھنے والے شاعر کی تصاویر وائرل ہوئیں جن میں ان کو کسمپرسی کی حالت میں دیکھ کر صارفین نےشدید رنج کا اظہار کیا۔

پاکستان کا معروف ترین ملی نغمہ ''دل دل پاکستان'' دنیا بھر میں مشہور ہوا۔ لیکن اس نغمے کے خالق و شاعر کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک رتہ میں علالت کے دن گزارتے نثار ناسک اس سدا بہار نغمے کے خالق ہیں ۔نثار ناسک کی بینائی کے ساتھ ساتھ یادداشت بھی جا رہی ہے لیکن اپنا لکھا ہوا یہ عالمی شہرت یافتی ملی نغمہ نثار ناسک کو آج بھی یاد ہے ۔

(جاری ہے)

  نثار ناسک کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے ان کی حالت کو دیکھ کر شدید دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ ''دل دل پاکستان'' ایک ایسا نغمہ ہے جو نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کی پہچان بنا ہے۔ اس نغمے کو گا کر کئی گلوکاروں نے شہرت حاصل کی لیکن اس عالمی شہرت یافتہ نغمے کے خالق اور شاعر کو بھُلا دیا گیا۔

صارفین نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز کے ساتھ یہ سلوک روا رکھنا زیب نہیں دیتا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اپیل بھی کی کہ مخیر حضرات اس قومی ہیرو کی مدد کریں تاکہ ان کا علاج کروایا جا سکے۔ ایک صارف نے کہا کہ نثارناسک کو پُل بنا کرکئی لوگ مقبولیت کی منزل تک پہنچ گئے لیکن انہیں ان کا جائز مقام نہیں ملا جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے، ہمیں چاہئیے کہ ان کی زندگی میں ہی نثار ناسک کو ایک قومی ہیرو کی طرح رکھیں اور ان کی مدد کریں ۔