یو ایس قونصل جنرل کا اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی کا سی ڈی سی کا دورہ

بدھ 15 اگست 2018 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) کراچی میں امریکہ کے قونصلیٹ جنرل کے وفدنے اپنی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ کونسل جنرل جوین ویگنر کی قیادت میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان (CDC)کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امریکن بزنس کونسل ، کیپیٹل مارکیٹ اور کارپوریٹ سیکٹر کے اہم نمائندے اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے بورڈ ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین معین ایم فُدا نے وفد کا استقبال کیا اور پاکستانی کیپٹل مارکیٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امریکہ اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان گہرے تعلقات پر زور دیا۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرآفتاب احمد دیوان نے مہمانوں کو سی ڈی سی کے پاکستانی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں کردار اور کامیاب آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پرقونصل جنرل ویگنرنے ماضی میںامریکہ اور پاکستان کی سندھ اور بلوچستان میں کامیاب شراکت داری پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں کراچی کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ کاروباری مواقعوں کیلئے تجاویز طلب کیںاور کہاکہ اس سے ہمارے باہمی تعلقات مضبوط اور دونوں ممالک کے درمیان 6.4بلین ڈالر کی باہمی تجارت میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے پاکستان اور امریکہ کے شہریوں کو فائدہ ہوگا۔