دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے سیاسی انتشار ختم نہیں کیا جاسکتا، حقائق کو تسلیم کرناہو گا‘پرویز ملک

دھاندلی زدہ الیکشن کی تحقیقات ہونی چاہئے اور دھ ذمہ دھاندلی اروں کو سزا دی جائے‘ عمران نذیرکی میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 اگست 2018 17:54

دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے سیاسی انتشار ختم نہیں کیا جاسکتا، حقائق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے سیاسی انتشار کو ختم نہیں کیا جاسکتا، اس سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتا ہے، ہمیں سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنا ہو گا، دھاندلی زدہ الیکشن کی تحقیقات ہونی چاہئے اور قوم کو بتایا جائے کہ کس طرح الیکشن کمشن مکمل طور پر ناکام ہوا اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔

ہم نے اسمبلی میں حلف اس لئے اٹھایا ہے کیوں کہ جمہوریت ہی جدوجہد کا واحد راستہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزا سمبلی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارکان اسمبلی سعدیہ تیمور،کنول لیاقت،غزالی سلیم بٹ چوہدری شہباز جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ بہت ہو چکا، ضمیر کی خرید و فروخت کی منڈیاں اب بند ہونی چاہئیں، ملک میں شفاف انتخابات ہوئے ہوتے تو آج پورا ملک دوہری خوشیاں منا رہا ہوتا۔

ارکان کی خرید و فروخت کی منڈیاں اب بند ہونی چاہئیں، پنجاب میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت ہے۔ پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے۔ ہمیں اگلے چند سال میں پاکستان کو عظیم مملکت بنانا ہوگا، جمہوریت کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہم کنار کرسکتے ہیں، جمہوریت ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ عام الیکشن کے نتائج کو خوشیوں میں شامل نہیں کرپائے۔