جشن آزادی ایتھلیکٹس فیسٹیول پروگرام‘ فاطمہ سمیر اور سجاد نے میدان مار لیا

بدھ 15 اگست 2018 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) جشن آزادی کے موقع پر محکمہ کھیل کے تعاون اور کراچی ایتھلیٹکس ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام ایتھلیٹکس فیسٹیول پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین میں فاطمہ سمیر اور مردوں کے مقابلوں میں سجاد نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے میدان مارلیا۔ سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد میں ہونے والے ان مقابلوں کو تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا۔

کھلاڑیوں نے بہترین جسمانی کرتب کا مظاہرہ کرتے ہوئے تماشائیوں سے داد سمیٹی خواتین مقابلوں میں فاطمہ سمیر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن ‘ایمن نے دوسری جبکہ عامرہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کے مقابلوں میں سجاد پہلی‘ علی دوسری اور عبدالرحمن تیسری پوزیشن کے حق دار قرار پائے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی اکائونٹس آفیسر عبدالشکور میمن نے اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارق مستقبل کے معمار ہیں آپ چاہے جس فیلڈ میں ہوں پاکستان کی حمیت عزت اور وقار کو ملحوظ و خاطر رکھیں۔

آج جشن آزادی کا دن ہے اس موقع پر خوشیوں کے ساتھ ساتھ ان لاکھون شہیدوں کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ہمیں پاکستان دیا۔اپنی محنت اور انتھک جدوجہد سے پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی جدوجہد کرتے رہیں۔ بعد ازاں مہمان خصوصی عبدالشکور میمن نے فاتح کھلاڑیوں میں میرٹ سرٹیفکیٹ‘ٹرافیز اور میڈلز کے ساتھ ساتھ نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ سیکریٹری کراچی ایتھلیٹکس اور ایس ایس بی کے کوچ محمد عمیر خان نے بھرپور تعاون کرنے پر سیکریٹری اسپورٹس نیاز علی عباسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ محکمہ کھیل مستقبل میں بھی ہم سے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :