Live Updates

آغا سراج درانی دوبارہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

آغا سراج درانی نی96 اورجاوید حنیف نے 59 ووٹ حاصل کیئے،ڈپٹی اسپیکر کیلئے ریحانہ لغاری نی98جبکہ رابعہ اظفر نے 59ووٹ لیے اسپیکر کے انتخاب میں 3اورڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں ایک ووٹ مسترد ہوا۔ تحریک لبیک پاکستان کے تینوں ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

بدھ 15 اگست 2018 17:50

آغا سراج درانی دوبارہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی امیدوار آغا سراج درانی دوسری مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر جبکہ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئی ہیں ۔نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔بدھ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کی سربراہی میں شروع ہوا۔

جن کی نگرانی میں اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف مدمقابل تھے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے نتیجے میں آغا سراج درانی ایک مرتبہ پھر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔اسپیکر کے انتخاب میں 158ووٹ کاسٹ ہوئے، آغا سراج درانی کو96جبکہ جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے جب کہ 3 ووٹ مسترد ہوئے، اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان کے تینوں ارکان یونس سومرو،محمدقاسم اور ثروت فاطمہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جی ڈی اے کے عارف جتوئی ایوان سے غیرحاضرتھے۔ نئے سپیکر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔ اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی بعدازاں آغا سراج درانی سے پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی نے حلف لیا۔ان کے حلف اٹھاتے ہی ایوان جیالوں کے نعروں سے گونج اٹھا۔

اسپیکر کاانتخاب مکمل ہونے کے بعد ایوان میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی ۔پیپلزپارٹی کی ریحانہ لغاری 98ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر سند ھ اسمبلی منتخب ہوگئیں ان کے مقابل متحدہ اپوزیشن کی امیدوار رابعہ اظفر نے 59ووٹ حاصل کیے ۔ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں 158ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں ایک ووٹ مسترد ہوا ۔واضح رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے اس لیے کسی بھی پارٹی کا کوئی بھی رکن اپنی پارٹی پالیسی یا قیادت کی خواہش کے برعکس مخالف امیدوار کو ووٹ دے سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات