تاجروں کے ساتھ دھوکہ دہی قابل مذمت ہے تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ‘ پیاف

متاثرہ ممبران کی لوٹی ہوئی رقم کی بازیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے تاکہ تاجروں کی مالی پریشانی دور ہو سکے‘عرفان اقبال شیخ

بدھ 15 اگست 2018 18:14

تاجروں کے ساتھ دھوکہ دہی قابل مذمت ہے تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے کہا ہے کہ پیپر مارکیٹ گنپت روڈ کے تاجروں سے 30 کروڑ روپے کے فراڈ اور دھوکہ دہی کے ذریعے لوٹی ہوئی رقم کی فوری طور پر بازیابی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے گنپت روڈ سے آئے خامس سعید بٹ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں محمد اجمل ،سمیع اللہ بٹ، صدر اپما ذیشان سہیل ملک، سیکرٹری جنرل محمد رضا اور حسن رضا شامل تھے۔ عرفان اقبال شیخ نے بخاری گینگ کے سر غنہ آصف علی بخاری کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کو پولیس کا بہٹ بڑا کارنامہ قرار دیا جبکہ مرکزی ملزم سلیم بخاری ابھی تک مفرور ہے۔ فراز بخاری و دیگر اپنی ضمانتوں کے درپے ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا ہی تاجر برادری کا مقصد ہے۔

خامس سعید بٹ نے کہا کہ تقریباٰ 40 سے زائد متا ثرین ان کے ظلم کے شکار ہوئے ہیں۔ انکی جمع پونجی یہ گروہ لوٹ کر فرار ہو چکا ہے۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے انتظامیہ سے اس سلسلے میں سخت ایکشن کی درخواست کی ہے تاکہ متاثرین کی داد رسی ہو سکے اور مالی پریشانی دور ہو سکے اور آئندہ کسی لٹیرے کو اس طرح کی گھنائونی واردات کی جرات نہ ہو سکے۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے اپما کی قیادت کو یقین دلایا کہ پیاف اس مشکل گھڑی میں تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تاجروں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :