بھارتی جنتیہ پارٹی کے صدر سے پرچم کُشائی کی تقریب میں ترنگا گر گیا

قومی پرچم گرنے پر پارٹی صدر کو سخت تنقید کا سامنا ، جو ترنگا نہیں سنبھال سکے، ملک کیا سنبھالیں گے؟ ناقدین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 17:26

بھارتی جنتیہ پارٹی کے صدر سے پرچم کُشائی کی تقریب میں ترنگا گر گیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : بھارت میں آج 15 اگست کو جشن آزادی منایا جا رہا ہے جس کے پیش نظر سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں پر جھنڈے لہرائے گئے اور پرچم کُشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسی ہی ایک تقریب میں بھارتی جنتیہ پارٹی کے صدر امت شاہ سے ترنگا گر گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے صدر امت شاہ نئی دہلی میں پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پرچم کُشائی کی تقریب میں شریک ہوئے ، پرچم کُشائی کے دوران ترنگا اُوپر جانے کی بجائے نیچے کی جانب آ گیا جس پر امت شاہ کو شرمندگی کاسامنا کرنا پڑا اور انہوں نے فوری طور پر دوسری رسی پکڑی اور اُسے کھینچ کر ترنگا لہرایا۔

اس تمام تر منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد کانگریس اور اورند کیجروال کو امت شاہ کو تنقید کا نشانہ بنانے کا موقع مل گیا۔

(جاری ہے)

کانگریس نے فوری طور پر بی جے پی کے صدر کی اس حرکت پر رد عمل دیا اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جو لوگ ترنگا نہیں سنبھال سکتے وہ ملک کیا سنبھالیں گے؟ کانگریس نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ وہ لوگ جو دوسروں کو حب الوطنی کا سبق دیتے ہیں آج خود ہی ترنگا نہیں سنبھال سکے۔

  کانگریس کے ترجمان نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ جن کے باپ دادا نے آزادی کی جنگ کی نہ حمایت کی اور نہ ہی جنگ لڑی اور برطانیہ کے ساتھ جا کر کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ترنگے کی بے حُرمتی کی ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔
بعد ازاں اس معاملے پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے بھی ترنگا گرانے پر بی جے پی صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ترنگے نے بھی امت شاہ کے ہاتھ سے لہرانے سے انکار کر دیا۔بھارت ماتا اس ترنگے کے ذریعے ایک پیغام دینا چاہ رہی ہے کہ وہ افسردہ ہے۔