پارلیمان کے تقدس کے لئے ہمیں جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا ہے،

اپوزیشن کی تنقید سے اگر صحیح پہلو اجاگر ہوتا ہے تو فراخدلی سے قبول کریں گے، خورشید شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نتائج فراخدلی سے قبول کئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال

بدھ 15 اگست 2018 17:56

پارلیمان کے تقدس کے لئے ہمیں جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارلیمان کے تقدس کے لئے ہمیں جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا ہے، خورشید شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نتائج فراخدلی سے قبول کئے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں فہم و فراست سے پیپلز پارٹی کی قیادت نے قائل کیا کہ پارلیمنٹ کے اندر کردار ادا کریں، خورشید شاہ نے جو باتیں کیں وہ جمہوریت ہے، انہوں نے فراخدلی سے نتائج قبول کئے، یہ سیاسی فہم و فراست ہے، ہمیں پارلیمان کے تقدس کے لئے ان رویوں کو پروان چڑھانا ہے، خورشید شاہ اپوزیشن کے مختلف دھڑوں کو ساتھ لے کر چلے، اس پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آج ایک اہم دن ہے، آپ کا انتخاب کوئی عام واقعہ نہیں ہے، ایم کیو ایم، بی این پی، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ (ق)، جمہوری وطن پارٹی اور آزاد، جی ڈی اے نے ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

ان کے پارلیمانی لیڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم نے 176 ووٹ کا اندازہ لگایا تھا یہاں 176 ووٹ نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سابق ڈپٹی سپیکر کی بات سنی ہم اپوزیشن کا کردار تسلیم کرتے ہیں، یہ ان کا جمہوری حق ہے۔ اپوزیشن کی تنقید سے اگر صحیح پہلو اجاگر ہوتا ہے تو فراخدلی سے قبول کریں گے۔ ممبران پارلیمنٹ، پاکستان کے عوام نے بڑی ذمہ داری عائد کی ہے۔ پاکستان کے اقتصادی اور خارجی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں آپ کا تعاون چاہئے ہوگا، ہم میں سننے کا حوصلہ ہے، ہم سنیں گے۔