مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی یوم آزادی کی تقریب میں آڈیو سسٹم کی خرابی کی وجہ سے خلل کاسامنا

بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں ترنگا زمین پر گرگیا، اپوزیشن جماعت کانگرس کی واقعہ پر تنقید

بدھ 15 اگست 2018 18:14

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی حکومت اور اسکی مقامی حکام کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب سونہ وار کرکٹ اسٹیڈیم سرینگر میں منعقدہ یوم آزادی کی سرکاری تقریب کے دوران آڈیو سسٹم میں خرابی کی وجہ سے خلل پڑا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گورنر این این ووہرا کی زیر صدارت سرکاری تقریب کے دوران ایک کلچرل پروگرام میں آڈیو سسٹم نے فنی خرابی کی وجہ سے کام چھوڑ دیا۔

قابض انتظامیہ نے یوم آزادی کی تقریب کے دوران آڈیو سسٹم میں خلل کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کلچرل اکیڈمی کے حکام پر اس کی ذمہ داری عائد کی جارہی ہے ۔ ادھر نئی دلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پارٹی کے سربراہ امیت شاہ کے ہاتھوں سے بھارتی جھنڈا اس وقت زمین پر گر گیا جب وہ اسے لہرا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

حزب اختلاف کی جماعت کانگر س نے سوال کیا ہے کہ جب بی جے پی بھارتی جھنڈے کو نہیں سنبھال سکتی تووہ ملک کو کیسے چلائے گی۔

کانگرس نے پارٹی کے ٹویٹر اکائونٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بی جے پی کے سربراہ کو ترنگالہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور جیسے ہی وہ جھنڈا لہرانے کیلئے رسی کھینچتے ہیں تو وہ زمین پر گرجاتا ہے ۔ کانگرس نے کہاہے کہ بھارت کے جھنڈے کی اس طرح توہین نہیں کی جانی چاہیے تھی۔ واضح رہے کہ 2016میں سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر اس وقت کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ہاتھ سے بھی بھارتی جھنڈا گر گیا تھا ۔