ایس ای سی پی اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 15 اگست 2018 19:05

ایس ای سی پی اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مابین تعاون کی مفاہمتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مابین سرمایہ کار ی سے متعلق آگہی اور طالب علموں میں مالیاتی خواندگی اور مالی منصوبہ بندی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ باہمی تعاون کی یادداشت پر ایس ای سی پی کے کمشنر شوذب علی اور قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے دستخط کئے۔

اس مفاہمتی یادداشت کے تحت ایس ای سی پی اور قراقرم یونیورسٹی مالیاتی خواندگی کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گی۔ اس مقصد کیلئے سیمینار اور سٹاک ٹریڈنگ کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے کمشنر شوذب علی نے کہا کہ پاکستان میں فنانشل انڈسٹری کا مستقبل سٹاک مارکیٹ سے وابستہ ہے جس کیلئے ریگولٹر، انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کو مل کرکوششیں کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی یو کے وائس چانسلر کے وژن کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ دور دراز علاقے جیسے کہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بہترین صلاحتیوں کے مالک ہیں اور ملکی خدمت کے جذبے سے بھر پور ہیں اور دہشت گردی، تعلیمی سہولتوں کے فقدان اور جغرافیائی مسائل کا سامنا ہمت سے کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایس ای سی پی کی کاوشوں کی تعریف کی اور ایس ای سی پی کے انوسٹر ایجوکیشن پروگرام جمع پونچی سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایم او یو پر دستخط کرنے والے دونوں فریقوں نے طلبہ میں بچتوں کی اہمیت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے کے لئے ایم او یو کے تحت بھرپور تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔