ملک کے حصول کیلئے اسلاف کی دی گئی قربانیوں سے نئی نسل کو روشناس کرانا از حد ضروری ہے،آسیہ خان

اس وطن کی بنیادوں میں ہزاروں افراد کی قربانیاں شامل ہیں اس لئے اس کی ترقی کے لئے ہر فرد کو دن رات سرگرمی اور جانفشانی سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے

بدھ 15 اگست 2018 19:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود، ویمن ڈویلپمنٹ، آرٹ اور کلچر آسیہ خان نے کہا ہے کہ اس ملک کے حصول کے لئے اسلاف کی دی گئی قربانیوں سے نئی نسل کو روشناس کرانا از حد ضروری ہے۔ اس وطن کی بنیادوں میں ہزاروں افراد کی قربانیاں شامل ہیں اس لئے اس کی ترقی کے لئے ہر فرد کو دن رات سرگرمی اور جانفشانی سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

وہ جشن آزادی کے سلسلے میں ؛پختونخوا ریڈیو FM 92.2 میں کوئز پروگرام عزم پاکستان کے فائنل کے موقع پر گفتگو کر رہی تھیں مشیر وزیر اعلیٰ کوئز پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں ۔ عزم پاکستان کوئز پروگرام میں طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور ان کے مابین ارض پاک کے حوالے سے معلوماتی مقابلہ ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آسیہ خان نے ایف ایم ریڈیو92.2 کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مثبت پروگرام بچوں میں مقابلے کے رجحان کو بڑھاتے ہیں۔

انہوں نے مقابلے میں شریک بچوں کی کارکردگی سے متاثر ہو کر ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ چھوٹے جماعتوں کے بچوں میں بھی اتنا ٹیلنٹ موجود ہے،اسی طرح صوبے کے دیگر حصوں میں بھی باصلاحیت بچوں کی کمی نہیں،ضرورت اس ٹیلنٹ کی رہنمائی کرتے ہوئے دنیا کے سامنے لانے کی ہے اور اس طرح کے کوئز پروگرام اس میں ممدو معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔آخر میں نگران وزیر اعلیٰ کی مشیر آسیہ خان نے مقابلے میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں ، سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :