سندھ میں ونڈ انرجی کے 30سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے، ڈاکٹر تنویر

بدھ 15 اگست 2018 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) سندھ حکومت ہواسے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاروں کی مکمل مدد کرنے کو تیار ہے اور ان کے مسائل کم سے کم وقت میں ہنگامی بنیادوں ہر حل کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ ملک میں صاف اور متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل چیف سیکریڑی سندھ ڈاکٹر تنویر اے قریشی نے اینرجی اپڈیٹ کے تحت منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کیا۔

اس اجلاس میں انرجی اپڈیٹ کے تحت تیسر عالمی ونڈ انرجی سمٹ کا بھی اعلان کیا گیا جو 4اکتوبر کو کراچی میں منعقد کی جائے گی۔اس اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ اس وقت سندھ میں ہوا سے بجلی کے 20منصوبوں کے ذریعے 1037میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے جو کہ نومبر 2018میں دیگر 4منصوبوں کے مکمل ہونے پر 200میگاواٹ کا اضافہ ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

اس وقت صوبے میں 35دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جن کے مکمل ہونے پر مذید 2500میگاواٹ صاف بجلی پید ا کی جائے گی۔

اجلا س میں سرمایہ کاروں نے بتایا کہ اس وقت منصوبے لگانے میں سب سے بڑا مسئلہ گھارو جھمپیر میں زمین کی لیزکا ہے جو کہ سندھ حکومت کو جلد سے جلد حل کرنا چائیے اس مسئلے کے حل کیلئے جلد ہی سندھ بورڈ آف ریوینو کا اجلاس ہوگا جس میں اس مسئلے کو حل کرلیا جائے گا۔اس موقع پر ڈاکڑ تنویر قریشی نے کہا کہ حکومت سستی اور ماحول دوست بجلی کے منصوبوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں سرمایہ داروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو بھی تیار ہے۔

انہوں نے کہا اس وقت زیادہ تر مسائل 18ویں ترامیم کی وجہ سے بھی آرہے ہیں جس میں صوبوں کو وفاق سے اب بہت کم تعاون حاصل ہے جس کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ ایسا سازگار ماحول پیدا کیا جائے کہ جس سے سرمایہ داروں کو آسانی ہو اور وہ پاور سیکڑ میں زیادہ زیادہ سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں متبادل زرائع سے بجلی بنانے کے بہت سے مواقع موجود ہیں ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چایئے تاکہ ملک میں اور خصوصا صوبے میں بجلی کے مسائل کو ختم کیا جاسکے۔

اجلاس میں تیسری ونڈ انرجی سمٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سمٹ میں ماہرین ، حکومتی اعلی حکام، سرمایہ کار اور ملکی غیر ملکی کمپنیاں شرکت کریں گی۔اجلاس سے ڈائریکڑ متبادل توانائی سندھ محفوظ قاضی، انر جی اپڈیٹ کے مینجنگ ایڈیڑ محمد نعیم قریشی، عرفان احمد، عدنان ٹپال، گل حسن بھٹو، شہاب قادر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :