قومی وطن پارٹی ہرکھٹن مرحلہ پرپختونوں کے شانہ بشانہ رہے گی، ان کے مسائل و مشکلات کے خاتمے اور تعمیر و ترقی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی،سکندر حیا ت شیرپائو

بدھ 15 اگست 2018 21:12

قومی وطن پارٹی ہرکھٹن مرحلہ پرپختونوں کے شانہ بشانہ رہے گی، ان کے مسائل ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی ہرکھٹن مرحلہ پرپختونوں کے شانہ بشانہ رہے گی اور ان کے مسائل و مشکلات کے خاتمے اور تعمیر و ترقی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل تنگی میں یونین کونسل تنگی کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپائو نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی مزید مضبوطی اور فعالیت کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انھوں نے کہا کہ فعال کارکن ہی پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ان ہی کی کائوشوں کی بدولت علاقہ اور عوام کی تقدیربدلی جا سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پورے صوبہ میں پارٹی کو مزید فعال و مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ بہتر انداز میں پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بناکر خطہ پر امن اور خوشحالی کیلئے موثر کردار ادا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ قومی سطح پر بھی غیر سنجیدہ اور نااہل قیادت کو مسلط کیا گیا جن کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پختون پہلے ہی مشکلات کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ تبدیلی صرف نعروں کے ذریعے نہیں لائی جاسکتی بلکہ اس کیلئے ایک ویژن ،دوراندیش قیادت اور مصمم ارادے کی ضرورت ہوتی ہے جو پی ٹی آئی کے پاس نہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران خیبر پختونخوا اور پختونوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا جبکہ ان کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی بدولت صوبہ نہ صرف اقتصادی مشکلات سے دوچار ہوا بلکہ مہنگائی،بے روزگاری اور انرجی کرائسسز نے بھی یہاں کے عوام کی زندگیاں اجیرن بنادی۔انھوں نے بجلی کے حالیہ ناروا لوڈشیڈنگ کی شدید مزمت کی اور کہا کہ صوبہ میں باالعموم اور دیہی علاقوں میں باالخصوص بجلی کا نام و نشان نہیں جبکہ چارسدہ کے تحصیل تنگی اور شبقدر میں لوگ بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی نمائندگی کا حق بھرپورطریقے سے ادا کرے گی اور ان کی مایوسیوں اور محرومیوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔