نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کی رہائی کیلئے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

بدھ 15 اگست 2018 21:32

نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کی رہائی کیلئے درخواستوں کو ناقابل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کی رہائی کیلئے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا اور درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ شریف خاندان کی سزائیں قانون کے عین مطابق ہیں ۔ مقامی وکیل چودھری یونس نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں بتایا گیا کہ احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزا سنائی گئی . درخواست گزار کے وکیل کے مطابق کہ سزائیں قانون کے مطابق ہیں اور قانون کے تمام تقاضے کو پورا کیے گئے۔

(جاری ہے)

درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ شریف خاندان کی سزائوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی ہیں جس میں نیب آرڈیننس 1999 پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں اور ان درخواستوں پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے فل بنچ تشکیل دیا گیا ہے درخواست میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ نیب آرڈینینس 1999 کے تحت سنائی گئی سزائیں قانونی ہیں اس لیے نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزائوں کو کالعدم قرار دینے کے لیے زیر سماعت درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے اور احتساب عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ان درخواستوں کو مسترد کیا جائے۔