Live Updates

پیپلزپارٹی کی ریحانہ لغاری 98ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر سند ھ اسمبلی منتخب

بدھ 15 اگست 2018 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اسپیکرسندھ اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ریحانہ لغاری بھی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے آغا سراج درانی سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے، آغا سراج درانی نے 96 ووٹ حاصل کئے، ان کے مد مقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار جاوید حنیف 59 ووٹ حاصل کر سکے جبکہ 3 ووٹ مسترد کئے گئے۔

نئے اسپیکر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔ اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی، کامیاب اسپیکر نے سبکدوش اسپیکر سے حلف لیا۔واضح رہے کہ آغا سراج درانی نے دو مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا جب کہ ان کے والد اور چچا بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکررہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پیپلزپارٹی کی ریحانہ لغاری 98 ووٹ لیکر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئیں، جبکہ ان کی مدمقابل متحدہ اپوزیشن کی رابعہ اظفر کو 59 ووٹ ملے۔

حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 75 ، تحریک انصاف نے 23، ایم کیو ایم نے 16، جی ڈی اے نے 11 ، ٹی ایل پی نے 2 اور ایم ایم اے نے ایک نشست حاصل کی ہے۔یاد رہے کہ سندھ اسمبلی آئین پاکستان کے آرٹیکل 106 کے تحت قائم کی گئی۔ اس ایوان کی 168 نشستیں ہیں جن میں سے 130 پر براہ راست انتخابات منعقد ہوتے ہیں جبکہ 38 نشستیں خواتین اور غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات