یوم آزادی پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں سوات آمد اور جوش و خروش سے جشن آزادی کی تقاریب میں شرکت

سوات میں مکمل طور پر امن قائم ہو چکا اور یہ حقیقت بھی آشکارا ہو چکی ہے اہل وطن کو سوات وادی سمیت پورے ملک بالخصوص خیبرپختونخوا کے چپے چپے سے پیار ہے،رضا اسلم

بدھ 15 اگست 2018 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں سوات آمد اور جوش و خروش سے جشن آزادی کی تقاریب میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ سوات میں مکمل طور پر امن قائم ہو چکا اور یہ حقیقت بھی آشکارا ہو چکی ہے اہل وطن کو سوات وادی سمیت پورے ملک بالخصوص خیبرپختونخوا کے چپے چپے سے پیار ہے انہوں نے یقین دلایا کہ سوات کی ضلعی انتظامیہ بھی سیاحوں کو تمام تر سیاحتی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے حوالے سے ہر کمی اور خامی بھی دور کرتی رہے گی وہ مالم جبہ میں جدید چئیرلفٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے جس میں اعلیٰ انتظامی حکام کے علاوہ کئی ملکی اور غیرملکی سیاحوں نے بھی شرکت کی سطح سمندر سے 13ہزار فٹ اونچائی پر واقع سوات کے پرفضا اور حسین ترین سیاحتی مقام مالم جبہ میں سیمسن گروپ کی نصب کردہ دو کلومیٹر رقبے پر محیط اس جدید چئیر لفٹ کی تنصیب ایک سال کی قلیل مدت میں 35کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہوئی ہے جبکہ اسکے اطراف میں آرائشی پودوں اور ماحول دوست سیاحتی سہولیات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اس موقع پر ڈی سی سوات نے مالم جبہ سکی ریزارٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے مہمانوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے کی طرف سے پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعروں میں قومی پرچم لہرایا اور یوم آزادی کا ایک بڑا کیک بھی کاٹاانہوں نے وہاں موجود ملکی و غیرملکی سیاحوں کو یہ بھی خوشخبری سنائی کہ مالم جبہ میں ہاشو گروپ کو شاندار پی سی ہوٹل کی تعمیر کی اجازت دیدی گئی ہے جسے ماحول دوست انداز میں مکمل کرکے ہوٹل ٹورازم کا نیا اسلوب بھی متعارف کرا دیا جائے گاانہوں نے سیمسن گروپ کو سہولیات میں مزید اضافے اور پارکنگ و ہوٹلنگ سمیت تمام فیس کم سے کم سطح پر رکھنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح آئیں اور ان سہولیات سے استفادہ کر سکیں درایں اثناء ثاقب رضا اسلم نے یوم آزادی کی صبح ڈی سی آفس گلکدہ سیدوشریف میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران پرچم کشائی کی رسم ادا کی ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے سیدو گرلز سکول میں یوم آزادی کے حوالے سے انٹرسکولز مقابلوں، ملی نغموں، ڈیبیٹ کمپٹیشن کے علاوہ خپل کور سکول کی سالانہ جشن آزادی تقریب میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی انہوں نے شاہدرہ گرلز سکول کی ڈرم پرفارمینس ٹیم کی تعریف کی اور انتظامی کمیٹی کیلئے نقد انعامات کے علاوہ تمام طالبات کو اساتذہ سمیت مالم جبہ کی سیرکرانے کا اعلان بھی کیا۔