یوم آزادی پر شاندار انتظامات، نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کا اظہار

اطمینان، پولیس و انتظامی افسران اور عملے کو مبارکباد بہترین انتظامات کے باعث عوام نے پرامن فضا میں یوم آزادی کا جشن بھرپور انداز میں جوش و خروش سے منایا،حسن عسکری

بدھ 15 اگست 2018 21:17

یوم آزادی پر شاندار انتظامات، نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کا اظہار
لاہور۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے یوم آزادی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جشن آزادی کی تقریبات کیلئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے یوم آزادی پر اپنے فرائض جذبے، جانفشانی اور محنت سے ادا کئے جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اراکین ، انتظامی افسران اور پولیس حکام و اہلکاروں نے موثر مانیٹرنگ اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مثالی کردار ادا کیا اوربہترین اقدامات کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی اور یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر میںسکیورٹی کے بہترین انتظامات کے باعث عوام نے پرامن فضا میں یوم آزادی کا جشن بھرپور انداز میں جوش و خروش سے منایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو جشن آزادی بھرپور طریقے سے منانے کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی کے حوالے سے پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ نے متحرک انداز میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فرائض سرانجام دیئے۔ یوم آزادی پر امن و امان فضا برقرار رکھنے کیلئے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا گیا ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور متعلقہ اداروں کی محنت سے یوم آزادی پرامن رہا۔کابینہ کمیٹی کے تمام اراکین نے امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے بطریق احسن اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی۔ متعلقہ اداروں، پولیس او رانتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے پر امن فضا کو یقینی بنایا۔ متعلقہ محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔