طلبہ کو ڈگریوں کے ساتھ متعلقہ شعبے میں مہارت حاصل کرنی چاہیے، وائس چانسلرپروفیسر نیاز احمد

بدھ 15 اگست 2018 22:05

لاہور۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازا حمد نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کو اپنے شعبہ جات میںڈگریوں کے ساتھ بھرپور مہارت بھی حاصل ہونی چاہیے تاکہ عملی زندگی میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھاسکیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم وتحقیق کے زیر اہتمام وحید شہید ہال میں ادارہ میں زیر تعلیم میرٹ پر آنے والے طلباء و طالبات کو سکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر،چیئرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات نے بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ تعلیم میںمضامین کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بہت اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کو جدید رجحانات کے مطابق دوبارہ مرتب کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ایسے افرادکیلئے کبھی جگہ خالی نہ چھوڑیں جنہیں مضمون میں مہارت حاصل نہیں اور وہ مضمون پر پالیسیاں بنائیں اور اہم فیصلے کریں۔انہوں نے میرٹ کی بنیاد پر سکالر شپس کیلئے رقم میں اضافہ کا وعدہ بھی کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ ادارہ تعلیم کو تحقیق کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں طلبہ کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ میں پڑھایا جانے والا نصاب جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جا چکا ہے نیز ادارہ میں نئے مضامین و کورسزبھی متعارف کروائے جا ئیں گے۔انہوں نے طلبہ کو ملک کی بہتری کیلئے کام کرنے پر زورد یا۔