کابل میں خودکش حملہ، طلبا سمیت 25 افراد ہلاک

بدھ 15 اگست 2018 22:23

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے میں خودکش حملے کے نتیجے میں طلبا سمیت 25 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا کہ خودکش بمبار نے دشتِ بارچا کے علاقے میں ایک نجی تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا، جہاں نوجوان طلبہ و طالبات یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کر رہے تھے۔

خودکش دھماکے سے قبل حملہ آوروں اور افغان گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث یہ خیال کیا جارہا تھا کہ حملہ آور ایک سے زائد ہیں۔اہم بعد ازاں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ حملہ آور ایک ہی تھا ۔پولیس ترجمان حشمت استانِکزئی نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'حملہ آور پیدل آیا تھا جس نے خود کو تعلیمی ادارے کے اندر دھماکے سے اڑا لیا۔

(جاری ہے)

'افغان حکام کی جانب سے ہلاک افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا۔شہر کی علما کونسل کے رکن جواد گھواری نے حملے کا الزام دہشت گرد تنظیم 'داعش' پر لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ داعش اس سے قبل بھی ہماری مساجد، اسکولوں اور ثقافتی مراکز پر حملے کر چکی ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ افغان صوبے غزنی میں کئی روز سے جاری جھڑپوں کے بعد طالبان جنگجوؤں نے گزشتہ روز صوبہ فریاب میں قائم فوجی اڈے پر قبضہ کرکے 14 اہلکاروں کو ہلاک اور درجنوں کو قید کرلیا تھا۔

دوسری جانب افغانستان کے مشرقی شہر غزنی میں طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان گزشتہ چھ روز سے جاری جھڑپوں میں 70 سے زائد پولیس اہلکار اور لگ بھگ 200 جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔