ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کی بجائے خواجہ آصف کو قائد حزب اختلاف بنائے جانے کا امکان

پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیراعلی پنجاب سے متعلق تحفظات کے بعد اپوزیشن کے مشترکہ قائد حزب اختلاف کے امیدوار خواجہ آصف ہوں گے

muhammad ali محمد علی بدھ 15 اگست 2018 20:32

ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کی بجائے خواجہ آصف کو قائد حزب اختلاف بنائے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2018ء) ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کی بجائے خواجہ آصف کو قائد حزب اختلاف بنائے جانے کا امکان، پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیراعلی پنجاب سے متعلق تحفظات کے بعد اپوزیشن کے مشترکہ قائد حزب اختلاف کے امیدوار خواجہ آصف ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کے انتخابات کے نتائج کے بعد تحریک انصاف کا راستہ روکنے کیلئے تشکیل پانے والے مشترکہ اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔

پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور ایم ایم اے پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو حکومت بنانے سے روکنے کیلئے وزارت عظمیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم تینوں بڑی جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن جماعتوں کا یہ اتحاد تحریک انصاف کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن میں شکست دینے میں ناکام رہا۔

(جاری ہے)

اس دوران دلچسپ صورتحال تب پیدا ہوئی جب مبینہ طور پر تحریک انصاف کو اپوزیشن کے بھی  کچھ ووٹ حاصل ہو گئے۔ دوسری جانب اس صورتحال میں وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے قبل اپوزیشن اتحاد میں مزید پھوٹ پڑ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے امیدوار ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کی جگہ کسی اور رہنما کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا جائے، تب ہی پیپلز پارٹی کے ووٹ اس رہنما کو دیے جائیں گے۔

تاہم اس حوالے سے ن لیگ نے ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف کی جگہ کسی اور رہنما کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تاہم ممکنہ شکست کو دیکھتے ہوئے ن لیگ نے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ قائد حزب اختلاف کیلئے شہباز شریف کی جگہ خواجہ آصف کا نام دینے کا عندیہ ضرور دیا ہے۔