اپوزیشن جماعتیں جو حکمت عملی طے کریں گی، ہم ایوان کے اندر اور باہر اس کی پابندی کریں گے، مولانا اسد محمود

بدھ 15 اگست 2018 23:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کے امیدوار مولانا اسد محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جو بھی حکمت عملی طے کریں گی، ہم اس ایوان کے اندر اور باہر اس کی پابندی کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد قائم رہے گا۔ ہم نے جمہوری اور دستوری عمل کو جاری رکھنے کے لئے اس ایوان میں انتخابی عمل میں حصہ لیا۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا اسد محمود نے کہا کہ سب سے پہلے الله تعالیٰ کا شکر گذار ہوں، انہوں نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ انتخابات میں جس قسم کے نتائج سامنے آئے ان پر تمام اپوزیشن کا ردعمل اور بیانیہ قوم کے سامنے ہے۔ تمام پارٹیوں کے قائدین نے ان انتخابات کے نتائج قبول نہیں کئے مگر اس کے باوجود سید خورشید احمد شاہ کو سپیکر اور مجھے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لئے نامزد کرنے پر آصف علی زرداری، شہباز شریف سمیت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، انشاء الله اس اعتماد پر ہمیشہ پورا اتروں گا۔

(جاری ہے)

ہم الیکشن کے نتائج قبول نہیں کرتے، ہم نے جمہوری اور دستوری عمل کو جاری رکھنے کے لئے انتخابی عمل میں حصہ لیا ہے۔ ہم نے نتائج قبول نہیں کئے بلکہ برداشت کر رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں جو بھی حکمت عملی طے کریں گی ہم اس کی ایوان کے اندر اور باہر پابندی کریں گے۔ انشاء الله اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق و اتحاد قائم رہے گا۔