مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویثرن کی جانب سے 71 ویں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات

رہنماؤں کی مزار قائد پر فاتحہ خوانی،شہدائے پاکستان کی یاد میں شمع روشن کی گئی۔شہر کے مختلف علاقوں سے آزادی ریلیاں نکالی گئی

بدھ 15 اگست 2018 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کی اپیل پر ملک بھر میں وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں اور شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے۔اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیامجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویثرن کی جانب سے 71 ویں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیان،شمع روشن،آزادی کیک کاٹا گیا،شاندار آتش بازی سمیت بچوں میں جھنڈیاں اور قومی پر چم تقسیم کئے گئے۔

یوم آزادی پر پاکستان کی بقاء،سلامتی اور خوشحالی تجدید عہد اور ملک دشمنوں سے جنگ کے عزم کا دن ہے۔یوم آزادی پر شہدائے پاکستان کو خراچ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

14اگست تجدید عہد وفا کا دن ہے یہ ارض وطن خداوند کریم کی بر صغیر کے مسلمانوں کیلئے نعمت ہے کسی ملک و اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو اس ملک میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بانیان پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ و مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ اور شہدائے پاکستان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار 71ویں یوم آزادی کی تقریبات سے خطاب میں ایم ڈبلیوایم کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری، سیاسیات علی حسین نقوی نے کیا یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے یوم آزادی شہدائے پاکستان کے نام سے شمع روشن کی گئی اور 71پاؤنڈ کا کیک کا ٹا گیاجس میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے نکالی جانے والی ریلیوں میں موجود کارکنان سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی،جشن آزادی کی خوشی میں ملی نغموں کی گونج پر مرکزی کیمپ نمائش چورنگی پر شاندار آتش بازی کی گئی۔

دریں اثناء ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کے وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور علامہ احسان دانش نے وطن عزیر کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری شناخت اور رب کریم کی طرف سے عطاکی گئی ایک عظیم نعمت ہے۔ہمارا یہ وطن ہماری مذہبی آزادی، ہمارے عقیدوں کے تحفظ اور نسلوں کی بقا کا ضامن ہے۔

ہمیں اپنی جان و مال سے بڑھ کر اس کی حفاظت کرنا ہو گی۔حب الوطنی کے جذبے سے شرسار ہوکر ہر اس دشمن کے خلاف ہم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہے جو ہماری سالمیت اور بقا کا دشمن ہے۔ہم نے اپنے اتحاد،وحدت، باہمی احترام اور رواداری سے ملک دشمن سازشوں کو شکست دینا ہو گی۔اس موقع پر علامہ نشان حیدر،مولانا اظہر نقوی،مولانا اسحاق قراروی،مولانا بشیر انصاری،مولانا ملک غلام عباس،مولانا کمیلی،مولانا بشیر رجائی،مولانا کرم حسین،مولانا عباس،مولانا فدا حسین سمیت دیگر موجود تھے۔