پارا چنار سے بھارتی شہری گرفتار

بھارتی شہری کی شناخت رام بہار کے نام سے ہوئی ،تعلق بھارتی ریاست گجرات سے ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 15 اگست 2018 22:22

پارا چنار سے بھارتی شہری گرفتار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018ء) پارا چنار سے بھارتی شہری گرفتار ہو گیا۔ بھارتی شہری کی شناخت رام بہار کے نام سے ہوئی ،تعلق بھارتی ریاست گجرات سے ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت نے روز اول سے ہی پاکستان کے وجود کو برداشت نہیں کیا اور اس کے خلاف نت نئی سازشوں میں مشغول رہا۔اس موقع پر قیام پاکستان سے لے کر آج تک بھارت نے ہر فورم کو پاکستان کے خلاف سازشوں کے لیے استعمال کیا۔

یہاں تک پاکستان میں جاسوسی کا نیٹ ورک بھی پھیلا رکھا ہے۔اب تک متعدد بھارتی جاسوس پاکستان سے گرفتارہوچکے ہیں۔ان میں سب سے بڑا کیس کلبھوشن یادو کا تھا۔کلبھوشن یادو ایران کے ذریعے بلوچستان آتا اور یہاں کاروائیاں کر کے واپس چلا جاتا۔یہاں تک کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اسے گرفتار کرلیا اور اس نے پاکستان میں انجام دئیے اپنے تمام گناہوں اور دہشتگردانہ کاروائیوں کا اعتراف کرلیا۔

(جاری ہے)

کلبھوشن یادو ابھی بھی پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہے اور اس کا کیس بھارت عالمی عدالت انصاف میں لے کر گیا ہوا ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے پارا چنار سے ایک اور شہری گرفتار ہوا جس کا تعلق بھارت کی ریاست گجرات سے ہے اور وہ افغانستان کے راستے پاکستان میں پہنچا تھا۔سیکیورٹی فورسز نے بھارتی شہری کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔