ادارے کی ترقی اورکارکنوں کی فلاح وبہبود کی جدوجہد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین

بدھ 15 اگست 2018 23:55

کوئٹہ۔ 15اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی ای) بلوچستان کی الیکشن کمیٹی کے زیر اہتمام خورشید لیبر ہال کوئٹہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب میں یونین کے حالیہ الیکشن 2018-20میں آپریشن سینٹرل سرکل کیسکو اور جی ایس سی سرکل کیسکو کے نومنتخب عہدیداران کوکامیابی کے نوٹیفکیشن دیے گئے ۔

نو منتخب عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد جان لہڑی، ممبر طاہر عظیم، ممبر محمد عظیم عثمان، معاونین غلام عباس اور دلاور خان انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کارکنوں نے آپ پر اعتماد کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ آپ ادارے کی ترقی، کارکنوں کی فلاح و بہبود، ان کی جان کی حفاظت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپوراستعمال کریں گے اور یونین کی ہر جدوجہد میں پیش پیش رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آپریشن سینٹرل سرکل کے زونل چیئرمین ملک ندیم ظفر، سیکرٹری ہمایوں حسن، جی ایس سرکل کے چیئرمین محمدآصف لہڑی اور سیکرٹری سید اکبر شاہ نے اپنے ساتھیوں کو نوٹیفکیشن ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ وہ ادارے کی ترقی اورکارکنوں کی فلاح وبہبود کی جدوجہد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔