بلدیہ وسطی کی جانب سے جشنِ آزادی فلاور شو ، ایم پی اے کنور نوید جمیل کے ہاتھوں افتتاح

بدھ 15 اگست 2018 23:57

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) جشنِ آزادی کے سلسلے میں 14 اگست 2018ء کو بلدیہ وسطی نارتھ ناظم آباد زون ، یوسی 21 میں واقع فتح فیملی پارک میں خصوصی جشنِ آزادی فلاور شوکا انعقاد کیا گیا۔ رکنِ سندھ صوبائی اسمبلی اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی اور میونسپل کمشنر (بلدیہ وسطی) وسیم سومرہ کے ہمراہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح کیا۔

اس موقع پرشہری حکومت کے قائدِ ایوان اسلم خان آفریدی، بلدیہ وسطی کے ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف ،بلدیاتی افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا ہے جس کی حفاظت ہمارا فرض ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جشنِ آزادی پھولوں کی نمائش کے انعقاد پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ریحان ہاشمی نے کہا کہ صرف جشنِ آزادی منانا ہی کافی نہیں بلکہ یومِ آزادی کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے سبق سیکھیں اور قربانیوں کے عوض حاصل کئے گئے پاکستان کی حفاظت کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار رہیں۔ چیئرمین ریحان ہاشمی کی ہدایت پر بلدیہ وسطی کے پارک ڈپارٹمنٹ نے جشنِ آزادی کی تقریبات کے تسلسل میں خصوصی پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا۔

اس سلسلے میں بلدیہ وسطی کی نرسریوں میں خصوصی طور پر پھولوں کی پودے تیارکئے گئے۔ نمائش میں سو سے زیادہ اقسام کے تقریباً بیس ہزار گملے رکھے گئے ہیں۔ فتح پارک نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ نمائش دیکھنے کے لئے عوام ہزاروں کی تعداد میں جوق در جوق فتح پارک کا رخ کررہے ہیں، رات گئے تک عوام کی آمد ورفت جاری ہے جبکہ بلدیہ وسطی کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں عام شہری اور بچوں نے ملی نغمات سُنائے۔ واضح رہے کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں پاکستان بھر کے ساتھ ساتھ بلدیہ وسطی میں بھی روائتی پروگرامز کے علاوہ پھولوں کی نمائش کا بھی انتظام کیا گیا۔