گرین ملتان سلوگن، شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگانے کا سلسلہ جاری

جمعرات 16 اگست 2018 00:02

ملتان۔ 15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے کہا ہے کہ گو گرین ملتان سلوگن کے تحت شجرکاری مہم کے تحت ضلع بھر میں لاکھوں چھوٹے بڑے پودے لگانے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے بعد اور ان کی دیکھ بھال کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے تاکہ یہ تناور درخت بننے کا مرحلہ طے کرسکیں۔

ضلعی انتظامیہ شہر کے نمایاں مقامات کے علاوہ تعلیمی اداروں اور سرکاری ہسپتالوں میں بھی پودے لگائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہبازشریف ہسپتال میں محکمہ صحت کے زیراہتمام شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد منور اور فوکل پرسن ڈینگی مہم ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے پودا لگانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی تقریبات کے دوران 1لاکھ سے زائد پودے مختلف مقامات پرلگائے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں شدید گرمی اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے اور محکمہ جنگلات کو قلعہ کہنہ قاسم باغ اور مرکزی شاہرائوں کو پھولوں اور پودوں سے سجانے کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ شہر کے حسن کو دوبالا کیاجاسکے۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تمام مراکز صحت اور ٹائون ہسپتالوں میں خصوصی شجرکاری مہم شروع کی جارہی ہے تاکہ مریضوں کے لواحقین کو بیٹھنے کے لئے سایہ دار جگہ میسر آسکے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مدثرریاض ملک نے شہبازشریف ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا اورمریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس دوران مدثرریاض ملک نے مریضوں کے لئے داخلہ پرچی کے کائونٹرز پر اضافی نرسنگ سٹاف تعینات کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ بزرگوں اور خواتین کے لئے علیحدہ نظام وضع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ اور ہسپتال میں داخلے کے بعد تمام علاج و معالجہ اور ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شہبازشریف ہسپتال ڈاکٹر نبیل نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ بھی دی۔