فواد حسن فواد نے اپنی گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

دو رکنی بنچ نے فواد حسن فواد کی درخواست پر نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا

جمعرات 16 اگست 2018 00:05

فواد حسن فواد نے اپنی گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے اپنی گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ، دو رکنی بنچ نے فواد حسن فواد کی درخواست پر نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد حسن فواد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ نیب نے پی ایل ڈی سی کرپشن کیس اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا جو نیب قانون کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ فواد حسن فواد کی گرفتاری سے پہلے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب کی فواد حسن فواد کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ۔