برسٹول نائٹ کلب جھگڑا کیس، انگلش آل رائونڈر بین سٹوکس بے قصور قرار، بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے سکواڈ میں طلب

جمعرات 16 اگست 2018 00:08

برسٹول نائٹ کلب جھگڑا کیس، انگلش آل رائونڈر بین سٹوکس بے قصور قرار، ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) انگلش آل رائونڈر بین سٹوکس کو برسٹول نائٹ کلب جھگڑا کیس میں کلین چٹ مل گئی، جیوری کی طرف سے بے قصور قرار دیئے جانے کے فوراً بعد انگلینڈ نے انہیں بھارت کے خلاف شیڈول تیسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں طلب کر لیا، وہ ٹرائل کی وجہ سے دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 18 اگست سے شروع ہو گا اور میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق سٹوکس گزشتہ سال ستمبر میں برسٹول نائٹ کلب کے باہر جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے، کرائون پراسیکیوشن نے ان پر لڑائی جھگڑے کا چارج عائد کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے برسٹول کرائون کورٹ میں سٹوکس کا ٹرائل شروع ہوا تھا، اس دوران آل رائونڈر پر غلط بیانی کا الزام بھی لگایا گیا لیکن اس کے باوجود سات دن تک جاری رہنے والے ٹرائل کے بعد جیوری نے سٹوکس اور جھگڑے میں ملوث دوسرے شخص ریان ایلی کو بے قصور قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

الزامات سے بری الزمہ قرار دیئے جانے کے فوراً بعد انگلینڈ نے آل رائونڈر کو بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے سکواڈ میں شامل کر لیا۔ عدالت سے کلین چٹ ملنے کے بعد سٹوکس کو اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ سٹوکس نے پہلے ٹیسٹ میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :