بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے ہوگا، اجلاس میں اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا

جمعرات 16 اگست 2018 00:30

کوئٹہ۔ 15اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے ایک اعلامیہ کے مطابق بلوچستان صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج (جمعرات )کوسہ پہر تین بجے منعقد ہوگا جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی16 اگست 2018 کو قبل از دوپہر تک سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اور ڈھائی بجے بعد از دوپہر تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں ڈھائی بجے کے فورا ً بعد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور کاغذات نامزدگی درست قرار دینے والے امیدواروں کے نام اسمبلی سیکریٹریٹ کے نوٹس بورڈ پر آویزاں ہوں گے ۔ پولنگ اسمبلی کی نشست بوقت سہ پہر تین بجے منعقد ہوگی ۔ پہلے اسپیکر کے عہد ہ کے لئے انتخاب ہوگا بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کاانتخاب عمل میں لایا جائے گا۔